نئی دہلی، 4 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مدر ٹریسا کو سنت کی ڈگری دئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ ڈگری غریبوں، کمزورو ں اور محروموں کی خدمت کے لیے دی گئی ہے۔مدر ٹریسا کی زندگی کو رحمت، شفقت اور محبت کی علامت بتاتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی سنت جیسی زندگی انسانیت کو ان لوگوں کے مفادات کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی جن کی کوئی آواز، کمیونٹی یا گھر نہیں ہے اور جن کی دیکھ بھال اور جن سے محبت کرنے والا کوئی نہیں ہے۔مشنریز آف چیریٹی کو بڑی کامیابی کی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ہندوستانی کو مدر ٹریسا کی زندگی، کام اور سنت والے طرز عمل پر بہت فخر ہے اور وہ ان کی خدمات کے لیے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔